کاروار،5؍جنوری (ایس او نیوز) کاروار بنگلورو ٹرین کی ٹائمنگ میں تبدیلی اور ریلوے میں شمالی کینرا کے افراد کو روزگار کے مواقع نہ دئے جانے کے خلاف کنڑا رکھشنا ویدیکے کارکنان نے کاروار ریلوے اسٹیشن کا گھیراؤ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
یہ احتجاجی مظاہرہ کنڑا رکھشنا ویدیکے (نارائن گوڈا گروپ) کے ضلع صدر بھاسکر پٹگار کی قیادت میں کیا گیا۔بڑی تعدا د میں جمع مظاہرین نے کونکن ریلوے کے خلاف نعرے بازی کی۔جب مظاہرین نے ریلوے اسٹیشن کے اندر گھسنے کی کوشش کی تو پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں روک لیا۔تب ریلوے اسٹیشن کےسامنے ہی مظاہرین دھرنے پر بیٹھ گئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کنڑیگاس کو کونکن ریلوے سے چھوٹے چھوٹے مطالبات پورے کروانے کے لئےاحتجاجی مظاہرے کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔کئی برسوں تک احتجاجی مظاہرے کرنے کے بعد چند سال قبل بنگلورو کاروار ٹرین جاری کی گئی تھی۔ لیکن اب اس کی ٹائمنگ میں تبدیلی کردی گئی او ربنگلورو تک پہنچنے میں تاخیر بھی ہورہی ہے۔ا نہوں نے مطالبہ کیا کہ کسی بھی حالت میں اوقات میں تبدیلی نہیں ہونی چاہئے اور پرانے ٹائم ٹیبل کے حساب سے ہی یہ ریل چلنے چاہیے، تاکہ مسافروں کو حسب سابق جلد بنگلورو پہنچنے کی سہولت دستیاب رہے۔
مظاہرین نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کاروار ریلوے اسٹیشن کو ٹرمینل اسٹیشن میں تبدیل کیا ۔ کونکن ریلوے منصوبے کے لئے اپنا سب کچھ گنوانے والے افراد کو اب تک مناسب روزگار فراہم نہیں کیا گیا ہے اور چند لوگوں کو روزگار دیا بھی گیا ہے تو وہ ڈی درجے کی ملازمت ہے۔ اس لئے فوری طور پر اہلیت کی بنیاد پر ان سب کو مناسب عہدے تفویض کیے جائیں اور کونکن ریلوے میں شمالی کینرا کے افراد کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔